بی جے پی لیڈر اور سردھنا سے ممبر اسمبلی سنگیت سوم کے بھائی گگن سوم کو
پولنگ کے دوران ووٹنگ مرکز میں پستول لے جانے کے الزام میں پولیس نے حراست
میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق، قریب 9 بجے سردھنا سیٹ کے ایک پولنگ مرکز
پر پولیس نے گگن کو روک کر ان کی تلاشی لی، جس میں اسے گگن کے پاس سے ایک
پستول ملی۔ پولیس نے بغیر دیر کئے اسے حراست میں لے لیا۔ وہیں، اس معاملے
پر سنگیت سوم نے نیوز 18 انڈیا سے خاص بات چیت میں کہا ہے کہ اگر ان کے
بھائی نے غلطی کی ہے تو قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہئے۔
غور طلب ہے کہ ضابطہ اخلاق نافذ ہوتے ہی لائسنسی ہتھیار کو پولیس کے پاس
جمع کرانا ہوتا ہے۔ انتخابات کے دوران خاص حالات میں ہی ہتھیار رکھنے کی
اجازت ملتی ہے۔ اگر پولیس انہیں گرفتار کرتی ہے تو سنگیت سوم کی مشکلیں بڑھ
سکتی ہیں۔ بتا دیں کہ ہفتہ کو یوپی میں انتخابات کے پہلے مرحلے کے تحت 73
نشستوں پر پولنگ جاری ہے۔ مغربی یوپی کے 15 اضلاع کی 73 اسمبلی سیٹوں پر
ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔